اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں الیکشن بہت مشکل تھا، پی ٹی آئی کی اصل جنگ پنجاب میں ہے اور مدمقابل نون لیگ ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوگوں سے عہد کیا ہے کہ پاکستان کو مدینہ جیسی ریاست بنائیں گے جہاں میرٹ اور انصاف کا نظام موجود تھا، اس عہد کو پورا کرنے کے لیے سب نے مل کر کام کرنا ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ 1970 کے بعد پہلی مرتبہ عوام نے نظریے کو ووٹ دیا ہے، اب نومنتخب نمائندوں پر منحصر ہے کہ وہ باعزت سیاست کریں یا روایتی سیاست کی جانب لوٹ جائیں۔
عمران خان نے کہا کہ مستقبل میں عوام نظریے کو ووٹ دیں گے اور اپنی ذات اور خاندان کے مفادات کی آبیاری کرنے والوں کو مسترد کر دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اس وقت تک ناقابل تسخیر تھی جب تک نظریے سے جڑی رہی، آصف علی زرداری نے نظریے سے خود کو الگ کیا تو یہ جماعت ریزہ ریزہ ہو گئی، نون لیگ کا شیرازہ بھی بکھرنے کو ہے۔
عمران خان نے دعویٰ کیا کہ ان کی حکومت پہلے 100 دنوں میں وہ کام کرے گی جس سے اپوزیشن پارٹیوں کا وجود منتشر ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ’مجھے کیوں نکالا‘ مہم کا پورا خلاصہ یہ ہے کہ مجھ سے پوچھنے کی ہمت کیسے ہوئی۔
مسلم لیگ نون کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانچ سالوں میں پانچ کارپوریشنز نے 3400 ارب روپے برباد کر دیے لیکن کسی کو اس کی پروا نہیں ہوئی۔
