کوئٹہ: 25 جولائی 2018 کو منعقد ہونے والے عام انتخابات میں بلوچستان اسمبلی کی دو نشستوں پرکامیابی حاصل کرنے والی ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے کارکنان جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔ پارٹی کی کامیابی پر خواتین بھی نہایت پرجوش دکھائی دیں۔
ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے عام انتخابات میں پہلی مرتبہ کامیابی حاصل کی ہے اوراسے صوبائی اسمبلی کے ایوان میں دو نشستوں پرعوامی نمائندگی کا موقع ملا ہے۔
ہم نیوز کے مطابق ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کی کامیابی پرجیتنے والے پارٹی کے انتخابی امیدواران نے کارکنوں کے ساتھ جشن منایا اورمٹھائیوں کے تقسیم کے ساتھ اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان پر جو اعتماد کیا گیا ہے وہ اس پر پورا اترنے کی تمام ممکنہ کوشش کریں گے۔
غیرسرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق نو منتخب رکن بلوچستان اسمبلی عبدالخالق ہزارہ نے اس موقع پر ’ہم نیوز‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم خواتین کے وہ مسائل حل کریں گے جس سے انہیں دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
پارٹی کے نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی احمد علی کوزاد نے ’ہم نیوز‘ سے بات چیت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہارکیا کہ عوام نے ہمیں خدمت کا موقع دیا ہے اورہم ان کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔
