اسلام آباد: الیکشن 2018 کے لیے پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔
پاکستان میں منعقد ہونے والے گیارہویں انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا تھا، اس دوران 10 کروڑ 50 لاکھ سے زائد ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کرنا تھا۔
ایک لاکھ نئے ووٹرز سمیت ملک کے دیہی و شہری علاقوں میں موجود مردوخواتین رائے دہندگان قومی اسمبلی کے لیے 270 اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے 570 ارکان کا انتخاب کر رہے ہیں۔ صوبائی اسمبلیوں کی چھ اور قومی کی دو نشستوں پر مختلف حادثات کی وجہ سے انتخابات ملتوی کر دیے گئے ہیں جب کہ سندھ اسمبلی کی ایک نشست پر شبیر بجارانی بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔
