اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ موجودہ حالات کے پیش نظر لاک ڈاؤن، تیل کی قیمتوں میں اضافے اور مخصوص طبقوں کو ریلیف دینے جیسے آپشنز زیر غور ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے ہم نیوز کے پروگرام “فیصلہ آپ کا” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت ہونے والا حالیہ اجلاس غیر معمولی اہمیت کا حامل تھا جس میں قومی سطح کے اہم فیصلوں پر مشاورت کی گئی۔
انہوں نے اجلاس میں شرکت پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کی موجودگی ایک مثبت پیشرفت ہے۔ اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے اجلاس میں شرکت کی۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات کے باعث دنیا بھر میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ تاہم وزیر اعظم شہباز شریف نے خطے کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے بروقت اور اہم اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے پہلے 24 ارب، پھر 57 ارب اور اب تقریباً 50 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی۔ جبکہ مجموعی طور پر 129 ارب روپے کا ریلیف دیا جا چکا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سرکاری فیول کے استعمال میں 50 فیصد تک کٹوتی کی گئی ہے۔ اور کفایت شعاری مہم کے تحت کابینہ اراکین کی تنخواہوں اور مراعات میں بھی کمی لائی گئی ہے، جس سے اربوں روپے کی بچت ممکن ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر لاک ڈاؤن، تیل کی قیمتوں میں اضافے اور مخصوص طبقوں کو ریلیف دینے جیسے آپشنز زیر غور ہیں۔ اور ان پر حتمی فیصلہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں سامنے آ جائے گا۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ چند سال پہلے پاکستان عالمی سطح پر تنہائی کا شکار تھا۔ تاہم آج ملک ایک ذمہ دار اور اہم سفارتی کردار کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔ اور دنیا بھر میں قیام امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قیمتوں کے بوجھ کو کم کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں، صدر مملکت
انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی صورتحال میں پاکستان کے کردار کی بین الاقوامی سطح پر تعریف کی جا رہی ہے۔ اور حکومت سفارتی محاذ پر مؤثر انداز میں پیشرفت کر رہی ہے۔
