اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قیمتوں کے بوجھ کو کم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کی زیر صدارت معیشت، توانائی اور علاقائی صورتحال پر ایک اہم مشاورتی اجلاس ہوا۔ جس میں وزیر اعظم شہباز شریف، چاروں صوبوں کی قیادت، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں بڑھتی مہنگائی اور عوام پر اس کے اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
صدر مملکت نے ہدایت کی کہ قیمتوں کے بوجھ کو کم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔ اور عوام کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے لیے مربوط قومی حکمت عملی اپنائی جائے۔
اجلاس کے دوران حکومت نے مؤقف اختیار کیا کہ عالمی بحران کے باوجود ملک میں ایندھن کی فراہمی میں کسی قسم کا خلل نہیں اور تیل و گیس کے وافر ذخائر موجود ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے بتایا کہ تیل کی قیمتیں بڑھانے کی متعدد تجاویز کو مسترد کیا جا چکا ہے تاکہ عوام پر مزید بوجھ نہ پڑے۔
اعلامیے کے مطابق بچت پالیسی کے تحت سرکاری اخراجات میں کمی لانے کے لیے 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو فوری طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اور اس بچت سے حاصل ہونے والے فنڈز عوامی ریلیف کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شرکاء کو حالیہ سفارتی رابطوں پر بریفنگ دی۔ اور بتایا کہ انہوں نے سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کی قیادت سے ملاقاتیں اور رابطے کیے ہیں۔
انہوں نے اپنے آئندہ دورہ بیجنگ سے متعلق بھی اجلاس کو آگاہ کیا۔ اور کہا کہ اس دورے میں اقتصادی اور توانائی تعاون کے امور پر بات چیت ہو گی۔
صدر زرداری نے ہدایت دی کہ معیشت، توانائی، خوراک اور سیکیورٹی سے متعلق فیصلے باہمی مشاورت سے کیے جائیں۔ اور مشکل وقت میں کمزور طبقات کو تنہا نہ چھوڑا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں بارش، برفباری اور سیلاب کا خدشہ، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا
اجلاس میں ایندھن کے استعمال میں کمی اور پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے ملک گیر آگاہی مہم شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ تاکہ توانائی کے بحران سے نمٹنے میں مدد مل سکے۔
