قاہرہ، مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کو رکوانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ خلیجی خطے میں امن قائم کرنے میں کلیدی کردار امریکا ہی ادا کر سکتا ہے۔
قاہرہ میں عالمی توانائی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے السیسی نے کہا کہ وہ صدر ٹرمپ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جاری تنازع کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کریں کیونکہ ان کے سوا کوئی بھی اس جنگ کو روکنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔
انہوں نے زور دیا کہ انسانیت اور عالمی امن کے نام پر اس بحران کا خاتمہ ضروری ہے۔
کویت ڈی سیلینیشن پلانٹ حملہ، ایران نے اسرائیل پر الزام لگا دیا
مصری صدر نے خبردار کیا کہ اگر جنگ جاری رہی تو عالمی سطح پر تیل کی سپلائی شدید متاثر ہو سکتی ہے اور قیمتیں 200 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر سکتی ہیں جس کے نتیجے میں عالمی معیشت کو بڑا دھچکا لگے گا۔
انہوں نے کہا کہ توانائی کی تنصیبات پر حملے نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے لیے خطرہ ہیں، کیونکہ اس سے عالمی منڈیوں میں عدم استحکام پیدا ہوگا۔
السیسی نے ایرانی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کا حل طاقت کے بجائے سفارتکاری میں ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام فریقین کو چاہیے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور مذاکرات کے ذریعے تنازعات کو حل کریں تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔
