اسلام آباد: رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں کے ہوتے ہوئے وہ جیل سے باہر نہیں آ سکتے۔
رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضرت یوسف علیہ السلام کو اللہ تعالیٰ نے بھائی عطا کیے تھے۔ جبکہ عمران خان کو بہنیں نصیب ہوئی ہیں۔
انہوں نے اس بات کو ایک استعارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسی وجہ سے عمران خان اپنی بہنوں کے ہوتے ہوئے جیل سے باہر نہیں آ سکتے۔
شیر افضل مروت نے پارٹی کے اندرونی معاملات پر بھی کھل کر بات کی اور کہا کہ علی امین گنڈاپور کو ہٹانے کے لیے تحریک انصاف میں الزام تراشیوں کا سہارا لیا گیا۔
انہوں نے خیبر پختونخوا کی موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج وہ شخص وزیر اعلیٰ بن چکا ہے جو ان کے بقول ایک پرائمری اسکول تک چلانے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ 6 ماہ گزرنے کے باوجود خیبر پختونخوا میں مکمل صوبائی کابینہ تشکیل نہیں دی جا سکی۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں بارش، برفباری اور سیلاب کا خدشہ، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا
انہوں نے کہا کہ کسی بھی وزیر اعلیٰ کے اسٹیبلشمنٹ سے روابط ہونا غیر معمولی بات نہیں، تاہم علی امین گنڈاپور پر اس حوالے سے تنقید کی جاتی ہے جبکہ موجودہ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی اس معاملے میں ان کے بقول “دس قدم آگے” ہیں۔
