اسلام آباد، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں خریف سیزن کے لیے کھاد کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس میں حکومت نے کسانوں کو کھاد کی بلا تعطل دستیابی کی یقین دہانی کرائی۔
اجلاس کے دوران وزیر نے واضح کیا کہ ملک میں یوریا اور ڈی اے پی کھاد کی کسی قسم کی قلت نہیں ہے اورخریف سیزن کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے وافر مقدار میں ذخائر موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ایک مؤثر حکمت عملی کے تحت کھاد کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے تاکہ کسانوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ملک میں پٹرولیم مصنوعات کا وافر ذخیرہ ، تشویش کی ضرورت نہیں ، مشیر خزانہ
رانا تنویرحسین کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور کسی کو بھی ذخیرہ اندوزی یا منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ کھاد کی بروقت ترسیل اور قیمتوں کی نگرانی کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی تاکہ زرعی پیداوار میں اضافہ اور غذائی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
