اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں ممکنہ خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا۔ اور متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق موجودہ موسمی حالات جنوری میں جاری کیے گئے موسمی جائزے کے عین مطابق ہیں۔ جبکہ آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی و پہاڑی علاقوں میں بارش کے ساتھ برفباری متوقع ہے۔ جس کے باعث سڑکیں بند ہونے اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ شمالی علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے سے اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ جس سے نشیبی علاقوں کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان، پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش کے ساتھ ژالہ باری اور تیز ہواؤں کا بھی امکان ہے۔
جن شہروں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے ان میں اسلام آباد، مری، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، گوجرخان، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ اور منڈی بہاؤالدین شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ خاص طور پر پہاڑی علاقوں کا رخ نہ کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں 2 سے 4 اپریل تک آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی
ادارے نے متعلقہ صوبائی و ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل تیار رکھنے کی بھی ہدایت جاری کر دی۔
