فخر زمان کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے، جہاں پی ایس ایل میں بال ٹیمپرنگ کیس میں ان کے خلاف کارروائی کا امکان بڑھ گیا ہے۔
ان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے پاکستان سپر لیگ کے ایک میچ کے دوران بال ٹیمپرنگ کی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق یہ واقعہ اتوار کو لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان میچ کے آخری اوور میں پیش آیا، جب کراچی کو جیت کیلئے 14 رنز درکار تھے۔ اس دوران فخر زمان، کپتان شاہین شاہ آفریدی اور فاسٹ بولر حارث رؤف کے درمیان مختصر گفتگو ہوئی اور گیند کا تبادلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق میچ ریفری روشن مہاناما نے فخر زمان کو دوبارہ سماعت کیلئے طلب کیا، جہاں انہوں نے ایک بار پھر الزامات تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔
میچ ریفری نے کرکٹر کا مؤقف سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ہے، جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جلد فیصلہ سنائے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ اس کیس میں سزا کی صورت میں فخر زمان کو ایک یا دو میچز کی پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
