سازگار انجنیئرنگ ورکس نے اپنی نئی ہائبرڈ اسپورٹ یوٹیلیٹی وہیکل (SUV) “Tank-500 Hi4-T 4X4 2.0L Turbo AT” کی آزمائشی پیداوار مارچ 2026 کے اختتام تک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو دی گئی اطلاع کے مطابق گاڑی کا سی کے ڈی (CKD) ماڈل پلگ اِن ہائبرڈ (PHEV) اور ہائبرڈ (HEV) دونوں ورژنز میں دستیاب ہوگا، جو سازگار کی ہائبرڈ گاڑیوں کے شعبے میں پہلی باقاعدہ انٹری ہے۔
اس سے قبل کمپنی نے جنوری میں اس گاڑی کی بکنگ کا آغاز کیا تھا، جہاں HEV ورژن کی قیمت 2 کروڑ 5 لاکھ روپے جبکہ PHEV کی قیمت 2 کروڑ 25 لاکھ روپے رکھی گئی تھی۔ بکنگ رقم بالترتیب 30 لاکھ اور 35 لاکھ روپے مقرر کی گئی۔
ماہرین کے مطابق PHEV گاڑیاں پٹرول انجن کے ساتھ بڑی بیٹری رکھتی ہیں، جس سے یہ محدود فاصلے تک صرف بجلی پر چل سکتی ہیں، جبکہ بعد میں ہائبرڈ موڈ پر آ جاتی ہیں۔
کمپنی نے اپنے چار پہیوں والی گاڑیوں کے پلانٹ کی توسیع بھی مکمل کر لی ہے، جس پر 6.5 ارب روپے خرچ ہوئے، جبکہ ایک جدید خودکار پینٹ شاپ اور دیگر سہولیات کیلئے مزید سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔
بورڈ نے 22 ارب روپے کے نئے توسیعی منصوبے کی بھی منظوری دی ہے، جس کے بعد پلانٹ کی پیداواری صلاحیت بڑھ کر سالانہ 54 ہزار یونٹس تک پہنچ جائے گی۔
