پشااور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وفاق ہمارے ساتھ مسلسل زیادتی کر رہا ہے۔ اسے ہم مزید برداشت نہیں کریں گے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضم اضلاع کے لیے این ایف سی کی مد میں 1375 ارب روپے واجب الادا ہیں۔ اور انضمام کے وقت وفاقی حکومت نے ضم اضلاع کے لیے 100 ارب سالانہ کا وعدہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے ضم اضلاع کے لیے 7 سال میں صرف 168 ارب ملے۔ اور 532 ارب بقایا ہیں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ وفاق ہمارے ساتھ مسلسل زیادتی کر رہا ہے۔ اور یہ مزید برداشت نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ضم اضلاع کے لیے ایک ہزار ارب روپے کا جامع ترقیاتی پیکج لا رہے ہیں۔ جس میں ہر شعبے اور ہر ضم ضلع کے لیے ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔ کوئی بھی ضلع یا علاقہ ترقی سے محروم نہیں رہے گا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ عوامی نمائندوں کی مشاورت سے تیراہ پیکج کی تیاری پر کام جاری ہے۔ اور باڑہ ڈیم کے لیے آئندہ مالی سال میں فنڈز مختص کی جائیں گے۔ جبکہ خیبر انڈسٹریل زون پر کام جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خطے کی ترقی کیلئے مسلم امہ کا اتحاد ضروری ہے، اسحاق ڈار
انہوں نے کہا کہ ضلع خیبر کے جبہ ڈیم کا مسئلہ حل ہو گیا ہے۔ اور ریگی للمہ کا مسئلہ قومی مشیران اور عمائدین کی مشاورت سے حل کیا جائے گا۔
