تہران: پاسداران انقلاب اسلامی کے خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل ابراہیم ذوالفقاری نے امریکا اور اسرائیل کو سخت الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی زمینی کارروائی کا انجام امریکی فوجیوں کی ذلت آمیز گرفتاری پر ہو گا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی فوجی ہیڈکوارٹرز خاتم الانبیاء کی جانب سے جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ اگر ایران پر زمینی حملہ کیا گیا تو امریکی فوج کو خلیج میں تباہ کن انجام کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اور وہ خلیجی مچھلیوں کی خوراک بن جائیں گے۔
ابراہیم ذوالفقاری نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ ایران کے معاملے پر اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے زیر اثر فیصلے کر رہے ہیں۔
ترجمان نے مزید دعویٰ کیا کہ ٹرمپ ایپسٹین فائلز اسکینڈل کے باعث موساد کے دباؤ میں ہیں۔ جس کے نتیجے میں ان کی پالیسیوں نے خطے اور عالمی سطح پر کشیدگی کو بڑھایا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران کسی بھی ممکنہ جارحیت کا بھرپور اور فوری جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور ملک کی دفاعی افواج ہائی الرٹ پر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: روس نے پیٹرول کی برآمدات پر پابندی کا اعلان کر دیا
تجزیہ کاروں کے مطابق ایرانی فوجی قیادت کے اس بیان سے خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ جبکہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان سفارتی کشمکش مزید شدت اختیار کرنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
