کوئٹہ: بلوچستان کے مختلف اضلاع میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کر دی۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 5 یا اس سے زائد افراد کے ایک مقام پر جمع ہونے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ جلسے، جلوسوں اور دھرنوں کے انعقاد پر بھی مکمل پابندی ہو گی۔ تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ ہر قسم کا اسلحہ لے کر چلنے یا اس کی نمائش پر بھی مکمل پابندی عائد ہو گی۔ جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس فیصلے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی، پاکستان کی زیرصدارت وزرائے خارجہ کا اہم اجلاس
حکام کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ عوامی تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔ اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
