لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 میں لاہور قلندرز کے چند کھلاڑیوں کی جانب سے مبینہ طور پر سیکیورٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی کا معاملہ سامنے آ گیا۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ رات کھلاڑیوں نے ہوٹل میں سیکیورٹی قواعد کے برخلاف مہمانوں کو اپنے کمروں میں بلایا۔ اطلاعات ہیں کہ کھلاڑیوں نے پہلے سیکیورٹی اسٹاف سے مہمانوں کو اندر لانے کی اجازت طلب کی۔ تاہم اجازت نہ ملنے کے باوجود چار مہمانوں کو کمروں میں لے جایا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مہمان رات تقریباً ایک بجکر 25 منٹ تک کھلاڑیوں کے کمروں میں موجود رہے۔ جو پی ایس ایل کے طے شدہ سیکیورٹی اور ٹیم پروٹوکول کے منافی ہے۔
اس معاملے پر ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر کو خط لکھ کر واقعے کا نوٹس لینے کی سفارش کی۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے حیدرآباد کنگزمین کو شکست دے دی
خط میں کہا گیا ہے کہ کھلاڑیوں کی جانب سے مبینہ خلاف ورزی پی سی بی کے کوڈ آف کنڈکٹ اور سیکیورٹی ہدایات کی خلاف ورزی کے زمرے میں آ سکتی ہے، لہٰذا معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں۔
