اسلام آباد: مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کم کرنے کی سفارتی کوششوں کے سلسلے میں وفاقی دارالحکومت میں اہم علاقائی اجلاس ہوا۔ جس میں چار بڑے اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی۔
وزرائے خارجہ اجلاس کی صدارت پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کی۔ جبکہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان، ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان اور مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی مذاکرات میں شریک ہوئے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق اجلاس میں مشرق وسطیٰ میں جاری جنگی صورتحال، ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی، اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں توانائی کی ترسیل، سمندری راستوں کے تحفظ اور ممکنہ انسانی بحران جیسے امور بھی زیر غور آئے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان کی میزبانی میں ہونے والا یہ اجلاس اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ مسلم دنیا کے اہم ممالک خطے کو بڑے تصادم سے بچانے کے لیے سفارتی سطح پر متحرک ہو رہے ہیں۔
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اجلاس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ جس میں خطے میں فوری جنگ بندی، مذاکرات کے فروغ اور کشیدگی کم کرنے پر زور دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: اگلے 12 سال پاکستان کی ترقی کے ہوں گے، ماہر علم نجوم کی پیشگوئی
اس سے قبل سعودی وزیر خارجہ خصوصی طیارے کے ذریعے نور خان ایئربیس پہنچے۔ جبکہ ترک اور مصری وزرائے خارجہ ایک روز قبل ہی اسلام آباد پہنچ چکے تھے۔
