ڈھاکا: بنگلادیش حکومت نے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کی نشریات بحال ہونے کی خبروں کی تردید کر دی۔
بنگلادیش حکومت کی وزارت اطلاعات کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بعض میڈیا اداروں، بشمول دی ڈیلی اسٹار میں شائع ہونے والی حالیہ خبریں درست نہیں۔ اور ان سے عوام میں غلط فہمی پیدا ہوئی ہے۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے ترجمان عمران الحق حسن نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سابق حکومت کی جانب سے آئی پی ایل کی نشریات معطل کرنے کا فیصلہ تاحال برقرار ہے۔ اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ اس معاملے پر وزارت کھیل کو باضابطہ طور پر رائے دینے کے لیے درخواست ارسال کی گئی ہے۔ اور آئندہ کسی بھی فیصلے کا انحصار اسی وزارت کی سفارشات پر ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11: پشاور زلمی نے راولپنڈیز کے ہاتھوں سے فتح چھین لی
حکام نے واضح کیا کہ آئی پی ایل کی نشریات سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ متعلقہ اداروں کی مشاورت کے بعد ہی کیا جائے گا۔ جبکہ وزارت نے میڈیا اداروں سے اپیل کی ہے کہ عوامی ابہام دور کرنے کے لیے سرکاری وضاحت کو فوری طور پر نشر کیا جائے۔
