لاہور میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے چوتھے میچ میں ملتان سلطانز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
سلطانز نے 172 رنز کا ہدف 18.4 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، ملتان سلطانز کی جانب سے جوش فلپ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 35 گیندوں پر 55 رنز بنائے، جس میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔
کپتان ایشٹن ٹرنر نے بھی ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا اور 43 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ عرفات منہاس نے 11 گیندوں پر 25 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 171 رنز بنائے۔ مارک چیپ مین 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ سمیر منہاس نے 28 اور فہیم اشرف نے 26 رنز اسکور کیے۔
پی ایس ایل 11: پشاور زلمی نے راولپنڈیز کے ہاتھوں سے فتح چھین لی
ملتان سلطانز کی جانب سے مومن قمر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد وسیم نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے بولرز کی جانب سے شاداب خان اور سلمان ارشاد نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، تاہم وہ ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہے۔
