لاہور سمیت پنجاب بھر میں ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے باعث مریضوں اور عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مختلف ادویات کی قیمتوں میں 10 سے لے کر 100 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس نے علاج معالجے کو مزید مہنگا بنا دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق انجکشنز اور ویکسینز کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے، جس سے نہ صرف عام مریض بلکہ نجی و سرکاری اسپتالوں پر بھی دباؤ بڑھ گیا ہے۔
کولیسٹرول ادویات کے صحت پر خطرناک اثرات، ماہرین کی وارننگ
اسی طرح اینٹی الرجی اوردرد کش ادویات کی قیمتیں بڑھ کر 300 سے 330 روپے تک جا پہنچی ہیں، جو پہلے نسبتاً کم قیمت پر دستیاب تھیں۔
مزید برآں سیرپ اور بچوں کے استعمال کی مختلف ادویات بھی مہنگی ہو چکی ہیں، جس سے والدین کی پریشانی میں اضافہ ہوا ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ادویات کی قیمتوں میں اس غیرمعمولی اضافے سے غریب اورمتوسط طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ادویات ساز کمپنیوں کے ساتھ مل کر فوری اقدامات کرے اور قیمتوں میں کمی کو یقینی بنائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور علاج معالجہ ہرکسی کی دسترس میں رہے۔
