ملک بھر میں ارتھ آور آج 28 مارچ کو منایا جائے گا۔ رات 8:30 سے 9:30 بجے تک روشنیاں بند کی جائیں گی۔
ارتھ آور 2026 کا عنوان ’’زمین کیلئے ایک گھنٹہ دیں‘‘ رکھا گیا ہے۔ ارتھ آور کے ذریعے توانائی بچت اور ماحولیاتی شعور اجاگر کیا جائے گا۔
اس سال، ہم ٹی وی نے WWF-Pakistan کے ساتھ مل کر سب کو “صرف لائٹس بند کرنے سے آگے بڑھیں” کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ فطرت، جنگلی حیات یا ماحول کے لیے کوئی بامعنی کام کرتے ہوئے ایک گھنٹہ گزاریں۔
گھر میں پانی کے ضیاع کو روکنا ، باغ کی دیکھ بھال کرنا یا درخت لگانا ، جنگلی حیات کے مسکن کا جائزہ لینا ، حیاتیاتی تنوع کو دریافت کرنا اور اس کی نگرانی کرکے بھی ارتھ آور منا سکتے ہیں۔
زمین سے محبت کا اظہار، پاکستان میں ارتھ آور منایا گیا
دریں اثناء صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ‘ارتھ آور’ کے موقع پر قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ کرہ ارض کے تحفظ کے لیے آج رات ایک گھنٹے کے لیے غیر ضروری روشنیاں بند رکھیں۔
صدرِ مملکت نے خصوصی پیغام میں کہا کہ ماحول کے تحفظ اور توانائی کی بچت کیلئے انفرادی اور اجتماعی اقدامات وقت کی ضرورت بن چکے ہیں۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں رات ساڑھے 8 سے ساڑھے 9 بجے تک غیر ضروری لائٹیں بند رکھنے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم نے عوام سے بجلی کی بچت اور ماحولیاتی تحفظ میں حصہ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔
