پاکستان اور خطے کے امن کے خلاف بھارت کی ایک بڑی مبینہ سازش بے نقاب ہو گئی ہے، جس میں افغانستان کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف اسٹریٹجک ڈس انفارمیشن مہم چلانے کا انکشاف ہوا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ایران کے نام پر پاکستان کے خلاف ایک منظم پروپیگنڈا آپریشن لانچ کیا گیا، جس کا آغاز ایران نیوز اور ایران ٹی وی جیسے مبینہ گھوسٹ اکاؤنٹس سے کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مہم کے دوران پاکستان پر امریکا کو تیل ترسیل جیسے من گھڑت الزامات لگا کر عالمی سطح پر نفرت پھیلانے کی کوشش کی گئی۔ مزید یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ایرانی شناخت رکھنے والے درجنوں سوشل میڈیا اکاؤنٹس درحقیقت بھارت اور افغانستان سے آپریٹ ہو رہے تھے۔
رپورٹس کے مطابق اس مہم کا بیانیہ بھارت میں تیار کیا گیا جبکہ اس کے پھیلاؤ کے لیے افغانستان میں موجود اکاؤنٹس کو استعمال کیا گیا۔ ماہرین کے مطابق اس مربوط حکمت عملی کا مقصد جھوٹ کو سچ کا رنگ دے کر پاکستان کے خطے میں کلیدی کردار کو متنازع بنانا تھا۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ٹائمز آف ایران نیوز نامی ایک بھارتی پلیٹ فارم اس مبینہ مہم میں پیش پیش رہا اور عالمی سطح پر گمراہ کن معلومات کے پھیلاؤ میں کردار ادا کرتا رہا۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس قسم کی ڈس انفارمیشن مہمات خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہیں۔
