دفتر خارجہ نے سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کے دورہ اسلام آباد کی تصدیق کر دی۔
محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود، ترکیہ کے وزیر خارجہ حکان فیدان اور مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی 29 سے 30 مارچ 2026 تک اسلام آباد کا اہم دورہ کریں گے۔
دورے کے دوران چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا، جس میں بالخصوص خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے قیام سے متعلق کوششیں زیر غور آئیں گی۔
اس موقع پر معزز مہمان شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر گفتگو متوقع ہے۔
Looking forward to welcoming my brother Foreign Ministers of Saudi Arabia, Türkiye, and Egypt to Islamabad.@FaisalbinFarhan @HakanFidan @mfaEgypt pic.twitter.com/3LLsJyUobv
— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) March 28, 2026
حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر جیسے برادر ممالک کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے، اور یہ دورہ مختلف شعبوں میں تعاون، ہم آہنگی اور سفارتی روابط کو مزید فروغ دینے کا اہم موقع ثابت ہوگا۔
ایران کا اسرائیل پر کلسٹر بموں سے بڑا حملہ، کویت میں 6 امریکی بحری جہاز تباہ کرنے کا دعویٰ
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کل اسلام آباد پہنچیں گے، دوسری جانب وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے برادر وزرائے خارجہ کو اسلام آباد میں خوش آمدید کہنے کا منتظر ہوں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ وزرائے خارجہ کے دورہ کے دوران خطے میں استحکام کے لیے مشترکہ سفارتی حکمت عملی، دفاعی تعاون اور کشیدگی کو کم کرنے کے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔
