اسلام آباد، وزیراعظم شہباز شریف اور کویت کے ولی عہد کے درمیان اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور کویت پر حالیہ حملوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے کویت پر ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مشکل وقت میں کویتی عوام اور قیادت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کویتی قیادت کو خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان امن اور استحکام کے فروغ کیلئے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔
کفایت شعاری مہم میں بڑی پیش رفت، سینیٹ سیکرٹریٹ نے ساڑھے 26 کروڑ قومی خزانے میں جمع کرا دیئے
دوسری جانب کویت کے ولی عہد نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو سراہتے ہوئے پاکستان کی جانب سے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کیلئے ثالثی کی کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا۔
انہوں نے موجودہ بحران میں کویت کے ساتھ پاکستان کی بھرپور حمایت پر وزیراعظم کا شکریہ بھی ادا کیا۔
کویتی ولی عہد نے وزیراعظم کی جانب سے حال ہی میں بھیجے گئے اظہار یکجہتی کے خط پر بھی تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جانب سے برادر ملک کے طور پر تعاون قابل قدر ہے۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کیلئے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
