حکومت نے توانائی بحران کے پیش نظر کم آمدن افراد کو سستا پیٹرول فراہم کرنے کیلئے ایک نیا طریقہ کار تیار کر لیا ہے، جس کے تحت موبائل ایپ کے ذریعے سبسڈی دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق وزارت آئی ٹی کی تیار کردہ موبائل ایپ اس وقت ٹیسٹنگ مرحلے میں ہے اور جلد ملک بھر میں متعارف کرائی جائے گی۔ اس اسکیم کا بنیادی ہدف موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان ہوں گے، جن کیلئے ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول سبسڈی دینے کی تجویز زیر غور ہے۔
حکام کے مطابق ملک بھر کے تقریباً 12 ہزار پیٹرول پمپس پر سبسڈی والا پیٹرول فراہم کرنے کیلئے مخصوص نوزلز مختص کیے جائیں گے، جبکہ ہر پمپ پر دو موبائل فونز کے ذریعے ڈیجیٹل سسٹم چلایا جائے گا۔
صارفین کو موبائل ایپ کے ذریعے واؤچرز جاری کیے جائیں گے، جنہیں مخصوص پیٹرول پمپس پر دکھا کر سبسڈی والا پیٹرول حاصل کیا جا سکے گا۔ ہر صارف کا کوٹہ اس کے شناختی کارڈ اور گاڑی کے رجسٹریشن نمبر سے منسلک ہوگا تاکہ شفافیت برقرار رہے اور غلط استعمال روکا جا سکے۔
حکومت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ سبسڈی سے باہر صارفین کو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کا بوجھ برداشت کرنا ہوگا، جبکہ 800 سی سی تک گاڑیوں کو شامل کرنے کا فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا۔
نظام کو مؤثر بنانے کیلئے 24 گھنٹے مانیٹرنگ سسٹم قائم کیا جائے گا، جبکہ ہنگامی حالات میں سپلائی برقرار رکھنے کیلئے بیک اپ میکانزم بھی تیار کیا جا رہا ہے۔ پیٹرول پمپس پر تربیتی ویڈیوز کے ذریعے صارفین اور عملے کو ایپ کے استعمال سے آگاہ کیا جائے گا۔
