دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں قیام امن اور کشیدگی کے خاتمے کیلئے بھرپور سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف مختلف ممالک کے سربراہان سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
ترجمان کے مطابق وزیراعظم نے سعودی ولی عہد، ایران کے صدر، ترکیہ، کویت، اردن، لبنان، مصر اور بنگلہ دیش کی قیادت سے موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، جبکہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی سفارتی سطح پر سرگرم ہیں اور متعدد ممالک سے رابطے کر رہے ہیں۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان مساجد، خواتین اور بچوں پر حملوں کے خلاف آواز بلند کر رہا ہے اور سری نگر کی جامع مسجد کی بندش کی مذمت کرتا ہے، جو عید کے موقع پر بھی بند رہی۔
ترجمان نے عالمی برادری پر اس معاملے کا نوٹس لینے پر زور دیا۔
ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم نے مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے مذاکرات کی حمایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان میزبانی کیلئے تیار ہے، جبکہ سفارتی کوششیں مسلسل جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں تشویشناک ہیں اور سفارت کاری صبر و تحمل کی متقاضی ہوتی ہے۔
