آزاد جموں و کشمیر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میرپور نے جماعت دہم کے سالانہ امتحانات 2026 کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے، جو 7 اپریل بروز منگل سے شروع ہوں گے۔
کنٹرولر امتحانات کے مطابق امیدواران کی رول نمبر سلپس 26 مارچ بروز جمعرات دوپہر 12 بجے سے بورڈ کی ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گی۔
پرائیویٹ امیدوار رجسٹریشن یا ایپ نمبر کے ذریعے سلپس ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے، جبکہ ریگولر طلبہ کی سلپس متعلقہ اداروں کے لاگ اِن پینل میں فراہم کی جائیں گی۔
امیدواران کو ہدایت کی گئی ہے کہ رول نمبر سلپ پر درج تمام کوائف، جیسے نام، والد کا نام، امتحانی مرکز اور مضامین کی تفصیل، اچھی طرح چیک کریں۔ کسی بھی غلطی کی صورت میں فوری طور پر بورڈ حکام سے رابطہ کیا جائے۔
بورڈ نے واضح کیا ہے کہ بغیر رول نمبر سلپ کے کسی بھی امیدوار کو امتحان میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ جن امیدواروں کا ریکارڈ دستیاب نہ ہو وہ اصل فیس چالان اور داخلہ فارم کے ساتھ فوری بورڈ آفس سے رجوع کریں۔
