بنگلہ دیش میں مسافر بس فیری پر چڑھتے ہوئے بے قابو ہو کر دریا میں جا گری، جس کے نتیجے میں کم از کم 24 افراد ہلاک ہو گئے۔
حکام کے مطابق حادثہ دارالحکومت ڈھاکا سے تقریباً 100 کلومیٹر دور ضلع راجباڑی کے علاقے دولت دیا میں پیش آیا، جہاں بس فیری کے قریب پہنچتے ہوئے کنٹرول کھو بیٹھی اور الٹ کر تقریباً 30 فٹ گہرے دریائے پدما میں ڈوب گئی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ڈوبی ہوئی بس سے 22 لاشیں نکالی گئیں، جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں، جبکہ مزید دو خواتین اسپتال میں دم توڑ گئیں، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 24 ہو گئی۔
امدادی کارروائیوں میں فائر سروس کے چار یونٹس اور 10 غوطہ خور حصہ لے رہے ہیں، جبکہ فوج، پولیس، کوسٹ گارڈ اور مقامی انتظامیہ بھی امدادی کاموں میں شریک ہیں۔
حکام کو خدشہ ہے کہ مزید مسافر تاحال لاپتا ہو سکتے ہیں، جبکہ بنگلہ دیش میں ہر سال سڑک اور فیری حادثات میں سینکڑوں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔
