اسلام آباد: ملک میں فائیو جی لائسنسنگ کے بعد جدید ٹیلی کمیونیکیشن انفراسٹرکچر کی ترقی میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے. جہاں دو بڑی ٹیلی کام کمپنیوں نے فائیو جی سائٹس فعال کرنا شروع کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق جیز نے پاکستان میں 177 فائیو جی سائٹس فعال کر دی ہیں جبکہ زونگ کی جانب سے بھی 150 فائیو جی سائٹس کو آپریشنل بنا دیا گیا ہے۔
اسلام آباد کے حساس اور اہم علاقوں میں بھی فائیو جی سروسز کے لیے سائٹس فعال کی گئی ہیں۔ ان میں بلیو ایریا، ریڈ زون اور پارلیمنٹ آف پاکستان کے اطراف کے علاقے شامل ہیں۔ جہاں جدید نیٹ ورک کی آزمائش اور ابتدائی استعمال شروع کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت 103 مختلف برانڈز کی مجموعی طور پر 2 ہزار 254 ڈیوائسز پر فائیو جی نیٹ ورک فعال ہے۔ تاہم بڑی موبائل کمپنیوں ایپل اور سیم سانگ کی جانب سے تاحال فائیو جی کے لیے ضروری سافٹ ویئر پیچ جاری نہیں کیا گیا۔ جس کے باعث ان کے بعض اسمارٹ فون صارفین ابھی مکمل طور پر فائیو جی سہولت سے فائدہ نہیں اٹھا پا رہے۔
یہ بھی پڑھیں: یوٹیوب نے کمائی اور شراکت داری بڑھانے کے لیے نئے ٹولز متعارف کروا دیے
ٹیلی کام ماہرین کے مطابق ابتدائی مرحلے میں محدود علاقوں میں فائیو جی سائٹس کا فعال ہونا ملک میں مستقبل کی تیز رفتار انٹرنیٹ سروسز کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ جبکہ مکمل تجارتی آغاز کے لیے مزید ٹیسٹنگ اور ڈیوائس اپڈیٹس درکار ہوں گے۔
