پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائی کی تحریک کو مؤثر بنانے کے لیے خیبرپختونخوا میں رضاکار فورس کی رجسٹریشن اور حلف برداری کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اور صوبائی صدر پی ٹی آئی کی قیادت میں جمعے کو رجسٹریشن کا عمل شروع ہو گا۔ جبکہ اسی موقع پر رضاکاروں سے حلف بھی لیا جائے گا۔ اس تقریب میں کارکنوں کے علاوہ اراکین اسمبلی بھی شریک ہوں گے۔
پارٹی قیادت کے مطابق کارکنوں کو نہ صرف رضاکار فورس تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی ہے بلکہ ان سے باقاعدہ حلف بھی لیا جائے گا تاکہ احتجاجی تحریک کو منظم اور فعال بنایا جا سکے۔
پشاور سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی فضل الہیٰ نے کہا ہے کہ شہر کے کارکن پہلے بھی تحریکوں میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ اور اس بار بھی ہر احتجاجی مظاہرے میں فرنٹ لائن پر موجود ہوں گے۔ جبکہ عمران خان رہائی فورس میں پشاور کے کارکنوں کی تعداد سب سے زیادہ ہو گی۔
انہوں نے مزید خبردار کیا کہ اگر عمران خان کی رہائی میں مزید تاخیر ہوئی تو کارکن قیادت کے بغیر بھی احتجاج شروع کر سکتے ہیں۔ پارٹی حکمت عملی کے تحت ہر ویلیج کونسل کی سطح پر سینئر کارکنوں پر مشتمل رضاکار فورس تیار کی جا رہی ہے۔ تاکہ احتجاج کو مؤثر اور مربوط بنایا جا سکے۔
دوسری جانب کارکنوں نے پارٹی کے منتخب سینیٹرز، اراکین قومی اسمبلی اور اراکین صوبائی اسمبلی کی ماضی کی غیر حاضری پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس بار تمام عوامی نمائندے احتجاج کے دوران میدان میں موجود رہنے کا حلف دیں۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان، حکومت کا مختلف آپشنز پر غور
ایک سینئر کارکن نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ماضی کے احتجاجوں میں کئی منتخب نمائندے غیر حاضر رہے۔ جس پر کارکنوں میں ناراضی پائی جاتی ہے۔ اس بار قیادت کو واضح پیغام دے دیا گیا ہے کہ احتجاج کے دوران کابینہ اور منتخب نمائندے سب سے آگے ہوں گے اور کارکن ان کے بعد شامل ہوں گے۔
