سرینگر: بھارتی عدالت نے کشمیری حریت رہنما آسیہ اندرابی کو عمر قید کی سزا سنا دی۔ جبکہ ان کی دو قریبی ساتھیوں کو بھی مختلف مدت کی سزائی گئی ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آسیہ اندرابی کو دہشت گردی سے متعلق مقدمے میں سزا سنائی گئی۔ جسے کشمیری حلقے اور انسانی حقوق کے کارکنان جھوٹا اور سیاسی بنیادوں پر قائم مقدمہ قرار دے رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق آسیہ اندرابی کی دو ساتھیوں فہمیدا صوفی اور ناہیدہ نسرین کو 30، 30 سال کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آسیہ اندرابی کو 6 جولائی 2018 کو بھارتی تحقیقاتی ادارے (این آئی اے) نے گرفتار کیا تھا اور تب سے وہ حراست میں تھیں۔ آسیہ اندرابی خواتین کی آزادی پسند تنظیم دختران ملت کی بانی ہیں۔ اور طویل عرصے سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حق میں آواز اٹھاتی رہی ہیں۔
انسانی حقوق کی مختلف تنظیموں اور کشمیری حلقوں نے فیصلے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے سیاسی بنیادوں پر دیا گیا قرار دیا۔ اور مؤقف اختیار کیا کہ یہ اقدام مقبوضہ جموں و کشمیر میں اختلاف رائے کو دبانے کی پالیسی کا حصہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: افغان طالبان نے امریکی شہری کو رہا کر دیا
واضح رہے کہ آسیہ اندرابی کے شوہر عاشق حسین بھی طویل عرصے سے جیل میں ہیں۔ انہیں 2003 میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
