اسلام آباد: نجی کمپنی نے فائیو جی سروس کے باضابطہ آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک اب تیز رفتار ڈیجیٹل دور میں داخل ہو چکا ہے۔
کمپنی کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے لائسنس ملتے ہی فوری طور پر فائیو جی نیٹ ورک کا رول آؤٹ شروع کر دیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں ملک بھر میں 180 سائٹس پر فائیو جی سروس فعال کر دی گئی ہے۔
فائیو جی نیٹ ورک اس وقت اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سمیت بڑے شہروں میں فعال ہے۔ جبکہ راولپنڈی، ملتان اور فیصل آباد میں بھی صارفین کو فائیو جی سروس فراہم کی جا رہی ہے۔
کمپنی کے سی ای او عامر ابراہیم کا کہنا ہے کہ فائیو جی کے آغاز سے پاکستان میں جدت، رفتار اور معاشی مواقع کے نئے دروازے کھلیں گے۔ اور ملک کا ڈیجیٹل ایکو سسٹم مزید مضبوط ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ پنجاب، صوبائی وزرا کا رضاکارانہ 2 ماہ کی تنخواہ نہ لینے کا فیصلہ
کمپنی کے مطابق فائیو جی کے ساتھ ساتھ فور جی نیٹ ورک کی توسیع بھی جاری رکھی جائے گی۔ تاکہ صارفین کو بہتر رفتار، کم تاخیر اور معیاری ڈیٹا سروسز فراہم کی جا سکیں۔
