لاہور: حکومت پنجاب نے وفاقی حکومت کے ایمرجنسی فنڈ میں حصہ ڈالنے کا فیصلہ کر لیا۔ جس کی باقاعدہ منظوری صوبائی کابینہ نے دے دی۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور صوبائی وزراء نے رضاکارانہ طور پر 2 ماہ کی تنخواہ نہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ تاکہ قومی سطح پر مالی تعاون کیا جا سکے۔ اسی فیصلے کے تحت صوبائی مشیران اور پارلیمانی سیکرٹریز بھی 2 ماہ کی تنخواہ نہیں لیں گے۔
پنجاب کابینہ کے فیصلے کے مطابق اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں سے آئندہ 2 ماہ تک 25 فیصد کٹوتی کی جائے گی۔ جبکہ گریڈ 17 سے اوپر کے تمام سرکاری ملازمین کی دو روز کی تنخواہ بھی ایمرجنسی فنڈ میں جمع کرائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: افغان طالبان کو پاکستان کیخلاف ڈرون بھارت فراہم کر رہا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر
حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات قومی مفاد اور مشکل معاشی حالات میں وفاقی حکومت کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر کیے جا رہے ہیں۔ تاکہ ہنگامی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد مل سکے۔
