نورا فتیحی نے اپنے متنازع گانے سرکے چنر تیری سرکے پر خاموشی توڑ دی۔
معروف اداکار سنجے دت اور ڈانسر و اداکارہ نورا فتیحی کا نیا گانا ریلیز ہوتے ہی تنازع کا شکار ہوگیا تھا۔ یوٹیوب پر جاری کیے جانے کے بعد اس گانے پر شدید تنقید کی جا رہی تھی۔
اس حوالے سے نورا فتحی نے ایک ویڈیو بیان میں وضاحت دی کہ انہوں نے یہ گانا 3 سال قبل کناڈا زبان میں ریکارڈ کروایا تھا اور اس وقت انہیں اس میں کوئی نامناسب بات محسوس نہیں ہوئی تھی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ فلم ’ڈی، دی ڈیول‘ کے اس گانے میں سنجے دت کے ساتھ ان کی اے آئی سے تیار کردہ تصویر بھی بغیر اجازت استعمال کی گئی۔ یاد رہے کہ اس گانے کے بول کو نامناسب اور فحش قرار دیا گیا ہے۔
نورا فتحی کا کہنا تھا کہ اس گانے کا فحش ہندی ورژن ان کی اجازت کے بغیر تیار کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیٹ پر ہدایتکار نے انہیں گانے کا مفہوم سمجھایا تھا لیکن بعد میں بننے والے ہندی ورژن کے بارے میں انہیں کوئی علم نہیں تھا۔
معروف اداکارہ نے حالیہ متنازع گانے سے خود کو مکمل طور پر الگ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اس گانے کے بارے میں کوئی علم نہیں تھا اور نہ ہی انہوں نے اس پر کوئی پرفارمنس دی۔
اپنے بیان میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ ہرگز نہیں چاہتیں کہ کوئی یہ سمجھے کہ وہ اس گانے کی حمایت کرتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عوامی ردعمل اور تنقید کے بعد فلم سازوں نے گانا ہٹا دیا ہے، جس پر وہ شکر گزار ہیں۔
اداکارہ نے لوگوں سے اپیل کی کہ اس گانے کو مزید شیئر نہ کریں کیونکہ اس سے اسے غیر ضروری طور پر پلیٹ فارم مل رہا ہے۔
فوت شدہ سدھو موسے والا اے آئی کی مدد سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں شو کرینگے
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کچھ لوگ اس معاملے کو ان کی کردار کشی کے لیے استعمال کر رہے ہیں جو افسوسناک ہے۔ اداکارہ کے مطابق وہ اور ان کی ٹیم آئندہ ایسے معاملات میں مزید احتیاط برتیں گے۔
آخر میں انہوں نے واضح کیا کہ نہ تو اس گانے کے لیے ان سے اجازت لی گئی اور نہ ہی ان کی تصویر کے استعمال کی منظوری دی گئی۔
