دنیا بھر میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر (ایکس) کی سروسز اچانک متاثر ہونے سے ہزاروں صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ مختلف ممالک سے صارفین کی جانب سے شکایات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صارفین نے شکایت کی کہ وہ اپنے اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرنے، ٹویٹس پوسٹ کرنے اور ٹائم لائن کو ریفریش کرنے میں مشکلات کا شکارہیں۔ کئی صارفین کو ایپ اور ویب سائٹ دونوں پر سروس میں تعطل کا سامنا ہے۔
ایکس کا اے آئی ویڈیوز کیخلاف سخت ایکشن کا فیصلہ
ادھر سروس مانیٹرنگ ویب سائٹ “ڈاؤن ڈیٹیکٹر” کے مطابق ٹوئٹر (ایکس) کی سروسز میں خرابی کی ہزاروں رپورٹس موصول ہوئیں، جن میں زیادہ تر شکایات لاگ اِن، سرور کنکشن اور فیڈ اپڈیٹ نہ ہونے سے متعلق تھیں۔ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے ڈیٹا کے مطابق مسئلہ اچانک سامنے آیا اور دیکھتے ہی دیکھتے صارفین کی بڑی تعداد متاثر ہو گئی۔
صارفین نے دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا رخ کرتے ہوئے اپنی مشکلات کا اظہار کیا اور سروس کی بحالی کا مطالبہ کیا۔ کئی صارفین نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ٹوئٹر (ایکس) کے ڈاؤن ہوتے ہی متبادل پلیٹ فارمز پر غیر معمولی سرگرمی دیکھنے میں آئی۔
دوسری جانب ٹوئٹر (ایکس) کی انتظامیہ کی جانب سے تاحال اس خرابی کی باضابطہ وجہ بیان نہیں کی گئی، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کی عالمی سطح کی خرابی عموماً سرورز کے دباؤ یا تکنیکی اپڈیٹس کے باعث پیش آتی ہے۔
عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کا کیس کل سماعت کیلئے مقرر
یاد رہے کہ ماضی میں بھی ٹوئٹر (ایکس) کو اسی نوعیت کی تکنیکی مشکلات کا سامنا رہ چکا ہے، جس کے باعث صارفین کو عارضی طور پر سروس سے محرومی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
تاہم صارفین کو امید ہے کہ متعلقہ ٹیم جلد از جلد مسئلے کو حل کرتے ہوئے سروس کو مکمل طور پر بحال کر دے گی تاکہ معمول کی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہو سکیں۔
