وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کم آمدنی والوں کے لیے سستے گھروں کی فراہمی ترجیح ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے امور پر اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ہاؤسنگ سیکٹر میں اصلاحات اور کم آمدنی والے طبقے کے لیے رہائش کی فراہمی پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سستے گھروں کے منصوبے، نجی شعبے کی حوصلہ افزائی اور عوامی سہولیات کی بہتری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے عام آدمی تک ہاؤس فنانس کی سہولت مؤثر انداز میں پہنچانے کے لیے عملی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
اجلاس کو وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے اسٹریٹجک روڈ میپ پر بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ تعمیراتی شعبے کے ٹیکس اسٹرکچر میں اصلاحات کی جا رہی ہیں اور اس حوالے سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور صوبوں کے درمیان مشاورت جاری ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ہاؤس مورٹگیج اصلاحات کے مسودے پر کام جاری ہے جبکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کم آمدنی والے افراد کے لیے گھروں کی تعمیر کا لائحہ عمل بھی تیار کیا جا رہا ہے۔
مولانا فضل الرحمن کے بیٹے کے اسکواڈ کی گاڑی حادثے کا شکار ، 2 رضاکار جاں بحق
حکام کے مطابق رئیل اسٹیٹ اور ہاؤسنگ کے شعبے کو منظم کرنے کے لیے ریئل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کی تجویز زیر غور ہے۔ اس کے علاوہ ہاؤس فنانس کے فروغ کے لیے رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ کے حوالے سے وزارت خزانہ ، ایف بی آر اور صوبے وزارت ہاؤسنگ کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزرا ء محمد اورنگزیب ، اعظم نذیر تارڑ ، احد چیمہ ، شزا فاطمہ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
