لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا ہے کہ صرف ٹرافی جیتنا ہی ضروری نہیں رہا۔
اسلام آباد میں جاری لاہور قلندرز کے کنڈیشنگ کیمپ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہین آفریدی نے کہا کہ لاہورقلندرز پی ایس ایل سے بہت پہلے کیمپ کا انعقاد کرتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اس کیمپ کا مقصد نئے کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کو سمجھنے اور ٹیم کے ماحول سے ہم آہنگ ہونے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چار سے پانچ سال لاہور قلندرز کے لیے بہت کامیاب رہے ہیں۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ صرف ٹرافی جیتنا ہی کامیابی نہیں بلکہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ پلیئر ڈیولپمنٹ پروگرام کے ذریعے نئے کھلاڑی سامنے آئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ٹرائیلز کے ذریعے کھلاڑیوں کو منتخب کیا گیا، انہیں مواقع دیے گئے اور پھر وہ قومی سطح تک پہنچے جو ٹیم کی بڑی کامیابی ہے۔
کپتان کے مطابق اس سال بھی ٹرائیلز کے ذریعے باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئے ہیں اور امید ہے کہ ایک یا دو نئے ٹیلنٹ پی ایس ایل میں جگہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دس برسوں کے لیے بھی کئی اچھے کھلاڑی تیار ہو رہے ہیں۔
فیفا نے ایران کے میچز امریکا سے میکسیکو منتقل کرنے سے انکارکر دیا
شاہین آفریدی نے مزید کہا کہ اس سیزن میں ٹیم میں کئی نئے مقامی اور غیر ملکی کھلاڑی شامل ہوئے ہیں جبکہ نئے گراؤنڈز پر میچز کے انعقاد سے شائقین کرکٹ کا جوش مزید بڑھے گا۔
