امریکا نے ایران کی اہم شخصیات سے متعلق معلومات فراہم کرنے والوں کیلئے ایک کروڑ ڈالر انعام کا اعلان کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق جن شخصیات سے متعلق معلومات طلب کی گئی ہیں ان میں ایران کے ممکنہ نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای، قومی سلامتی کونسل کے سربراہ علی لاریجانی سمیت دیگر اعلیٰ حکام شامل ہیں۔
دیگر ناموں میں سپریم لیڈر آفس کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف علی اصغر حجازی، دفاعی کونسل کے سیکریٹری، مشیر یحییٰ رحیم صفوی، وزیر داخلہ بریگیڈیئر جنرل اسکندر مومنی، انٹیلی جنس و سیکیورٹی کے سربراہ اسماعیل خطیب اور پاسداران انقلاب کے کمانڈرز شامل ہیں۔
دوسری جانب ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران ایرانی عدلیہ نے ایک شخص کو جاسوسی کے الزام میں سزائے موت دے دی۔
ایرانی عدلیہ کے مطابق کوروش کیوانی نامی شخص کو اسرائیلی خفیہ ادارے موساد کو حساس مقامات کی تصاویر اور معلومات فراہم کرنے کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان طویل عرصے سے جاری ‘سرد جنگ’ کے دوران ایران متعدد افراد کو موساد سے تعلق یا معاونت کے الزامات میں سزائیں دے چکا ہے۔
