برطانیہ اور یوکرین کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کیلئے ایک نئے دفاعی معاہدے پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔
مشترکہ بیان کے مطابق اس معاہدے کا مقصد جدید دفاعی ٹیکنالوجی اور فوجی نظام میں جدت کو فروغ دینا اور مستقبل کے خطرات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنا ہے۔
برطانوی وزیر اعظم کیئراسٹارمر نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع نے جدید دفاعی ٹیکنالوجی اور فوجی جدت پسندی کی ضرورت کو مزید بڑھا دیا ہے، دفاعی نظام میں جدت نہ صرف قومی سلامتی بلکہ معاشی استحکام کیلئے بھی ناگزیر ہے۔
امریکی بحری بیڑے جہاز جیرالڈ فورڈ پر آگ، عملے کو شدید مشکلات کا سامنا
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ برطانیہ اور اس کے اتحادی مستقبل میں درپیش خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں اور دفاعی شعبے میں قریبی تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔
دوسری جانب یوکرینی صدرولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین روزانہ تقریباً دو ہزار ڈرون انٹرسیپٹر تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ان کے مطابق یوکرین ان میں سے نصف تعداد اپنے اتحادی ممالک کو فراہم کرنے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے۔
یوکرینی صدر کا مزید کہنا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ میں اس وقت دو سو سے زائد یوکرینی ماہرین موجود ہیں جو مختلف تکنیکی اور دفاعی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے دفاعی معاہدے سے خطے میں سکیورٹی تعاون اور جدید دفاعی صلاحیتوں کو مزید تقویت ملے گی۔
