واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کو نیٹو یا دیگر اتحادی ممالک کی مدد کی نہ ضرورت ہے اور نہ ہی خواہش۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب امریکا کو جاپان، آسٹریلیا یا جنوبی کوریا کی حمایت کی بھی ضرورت نہیں رہی اور وہ اپنے دفاع اور اقدامات کے لیے خود کافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اتحادی ممالک نے واضح کر دیا ہے کہ وہ ایران کے خلاف کسی فوجی کارروائی میں شامل نہیں ہونا چاہتے۔ تاہم انہیں اس فیصلے پر کوئی حیرت نہیں ہوئی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ہر سال نیٹو ممالک کی حفاظت پر اربوں ڈالر خرچ کرتا ہے۔ لیکن اس کے باوجود اتحادی ممالک امریکا کی مدد کے لیے آگے نہیں آتے۔
ایران کے بارے میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس کی فوجی صلاحیتیں بری طرح متاثر ہو چکی ہیں۔ اور امریکا کی کامیابی کے بعد ایران اب کسی کو دھمکا نہیں سکے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ایرانی سپریم لیڈر نے ثالثی کی پیشکش مسترد کر دی
ڈونلڈ ٹرمپ نے زور دے کر کہا کہ امریکا دنیا کا سب سے طاقتور ملک ہے۔ اور اسے کسی بھی ملک یا اتحاد کی مدد کی ضرورت نہیں۔ جبکہ امریکا ہمیشہ اپنے اتحادیوں کی مدد کرتا آیا ہے لیکن بدلے میں وہ تعاون نہیں ملتا۔
