اسلام آباد: حکومت پاکستان نے یوم پاکستان 23 مارچ 2026 کو ہونے والی مرکزی پریڈ اور تمام بڑی تقریبات منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیر اعظم آفس پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق تقریبات منسوخی کا فیصلہ خلیجی تیل بحران اور حکومت کی کفایت شعاری پالیسی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات میں اخراجات کم رکھنا ضروری ہے۔ اسی لیے روایتی فوجی پریڈ اور دیگر بڑی تقریبات نہیں ہوں گی۔ تاہم 23 مارچ کو مکمل طور پر نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ بلکہ اسے سادہ اور باوقار انداز میں منایا جائے گا۔
حکام کے مطابق اس سلسلے میں ملک بھر میں محدود پیمانے پر پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ تاکہ دن کی اہمیت اور اس کا پیغام برقرار رہے۔
اعلامیے میں تمام وزارتوں، ڈویژنز اور سرکاری اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس موقع کو سادگی، وقار اور قومی جذبے کے ساتھ منائیں۔ جبکہ غیر ضروری اخراجات سے گریز کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: بجلی صارفین کیلئے نئی مشکل، میٹر خریدنے کا راستہ بند کر دیا
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ایک طرف قومی وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنائے گا۔ جبکہ دوسری جانب قوم کے عزم، استقامت اور قرارداد پاکستان کے نظریات سے وابستگی کو بھی برقرار رکھا جائے گا۔
