اسپیس ایکس کی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس سٹار لنک سے منسلک سینکڑوں ڈیوائسز قبضے میں لینے کا دعویٰ کرتے ہوئے ایرانی وزارتِ انٹیلی جنس نے کہا ہے کہ ملک بھر میں غیر قانونی سیٹلائٹ ٹرمینلز کے خلاف کارروائی جاری ہے۔
ایرانی وزارتِ انٹیلی جنس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مختلف صوبوں میں کارروائیوں کے دوران سینکڑوں اسٹار لنک سیٹلائٹ ڈیوائسز ضبط کی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق یہ آلات مبینہ طور پر بیرونی دشمن عناصر کی جانب سے ایران میں بدامنی اور تخریبی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے بھیجے گئے تھے۔
نئےسپریم لیڈر کی روس میں موجودگی کی خبریں بےبنیاد ہیں، ایرانی سفیر
بیان میں کہا گیا کہ ان ڈیوائسز کے ذریعے غیرقانونی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس استعمال کی جا رہی تھی، جس سے حکام کی نگرانی سے بچ کرمعلومات کے تبادلے اوررابطوں کا خدشہ تھا۔
وزارت کے مطابق ان ٹرمینلز کا سراغ لگانے کیلئے خصوصی تکنیکی نظام استعمال کیا جا رہا ہے اوران کے ممکنہ صارفین کی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں غیرقانونی سیٹلائٹ کمیونیکیشن نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی مزید تیز کردی گئی ہے اور یہ کریک ڈاؤن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک تمام غیرقانونی اسٹار لنک ٹرمینلز کی مکمل نشاندہی اور ضبطگی یقینی نہیں بنائی جاتی۔
حکام کے مطابق کارروائی کا مقصد قومی سلامتی کو لاحق خطرات کا سدباب اور بیرونی مداخلت کی ممکنہ کوششوں کو ناکام بنانا ہے۔
