کیلیفورنیا: ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے پلیٹ فارم انسٹاگرام کی چیٹس میں موجود اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن (E2EE) کی سہولت ختم کر رہی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق میٹا کمپنی کے مطابق (E2EE) کو ختم کرنے کا فیصلہ 8 مئی 2026 سے نافذ ہو گا۔ جس سے وہ صارفین متاثر ہوں گے جو اپنی نجی گفتگو کے تحفظ کے لیے اس فیچر کو استعمال کر رہے تھے۔
میٹا نے پہلی بار 2021 میں انسٹاگرام ڈائریکٹ میسجز کے لیے اس فیچر کی آزمائش شروع کی تھی۔ تاہم یہ ہر صارف کے لیے خودکار طور پر دستیاب نہیں تھا۔ بلکہ محدود پیمانے پر متعارف کروایا گیا تھا۔ E2EE کا مقصد یہ تھا کہ پیغامات صرف بھیجنے اور وصول کرنے والے افراد ہی پڑھ سکیں۔ مگر اب اس سہولت کے خاتمے کے بعد صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر وہ اپنی چیٹس یا میڈیا محفوظ رکھنا چاہتے ہیں تو مقررہ تاریخ سے پہلے انہیں ڈاؤن لوڈ کر لیں۔
یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دیگر پلیٹ فارمز بھی اسی نوعیت کے فیصلے کر رہے ہیں۔ مثال کے طور پر ٹک ٹاک نے حال ہی میں اعلان کیا کہ وہ اپنے ڈائریکٹ میسجز میں E2EE متعارف نہیں کرائے گا۔ جس کی وجہ صارفین کی حفاظت سے متعلق خدشات بتائی گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق انسٹاگرام پر انکرپشن ختم کرنے کا فیصلہ دراصل پرائیویسی کے حامیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان جاری بحث کا حصہ ہے۔ ایک طرف صارفین محفوظ اور خفیہ رابطے چاہتے ہیں۔ جبکہ دوسری جانب حکام تحقیقات کے دوران ڈیٹا تک رسائی کو ضروری قرار دیتے ہیں۔ خاص طور پر جرائم سے متعلق کیسز میں۔
یہ بھی پڑھیں: عیدالفطر سے قبل پاکستان میں فائیو جی سروس شروع ہونے کا امکان
اسی تناظر میں یورپین کمیشن بھی جلد انکرپشن سے متعلق ایک روڈ میپ پیش کرنے والی ہے۔ جس کا مقصد ایسا توازن قائم کرنا ہے جس میں سائبر سیکیورٹی، بنیادی حقوق اور قانونی تقاضے سب کو مدنظر رکھا جا سکے۔
