اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے مارچ کے دوران ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی مکمل دستیابی کی یقین دہانی کرا دی۔
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کی نگرانی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ایندھن کے ذخائر اور سپلائی چین کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں خام تیل اور ریفائن شدہ پیٹرولیم مصنوعات کے قومی ذخائر کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ درآمدی انتظامات، سپلائی چین کی لاجسٹکس اور مجموعی دستیابی کی صورتحال تسلی بخش ہے۔
کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ مارچ کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی ضروریات مکمل طور پر محفوظ کر لی گئی ہیں۔ جبکہ اپریل کے وسط تک ایندھن کی فراہمی یقینی بنانے کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے۔ مزید برآں اپریل کے آخر تک دستیابی برقرار رکھنے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: معاشی محاذ پر کیا پیش رفت ہوئی؟ حکومت نے اعداد و شمار جاری کر دیے
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے۔ ذخائر اور سپلائی مستحکم ہیں، لہٰذا عوام گھبراہٹ میں خریداری یا غیر ضروری ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں۔
