نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پیشگوئی کی ہے کہ 17 سے 25 مارچ کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک، تیز ہوا اور آندھی کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
ادارے نے ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے، این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم اور چکوال میں بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔
اسی طرح سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور اور گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور آندھی چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
عیدالفطرکے موقع پرملک بھرمیں موسم کیسا رہےگا؟پیشگوئی کردی گئی
ادارے کے مطابق جنوبی پنجاب کے علاقوں ملتان، خانیوال، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان اور ڈی جی خان میں بھی بارش متوقع ہے۔ خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی ہو سکتی ہے۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 17 سے 23 مارچ کے دوران آندھی، تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ادھر سندھ کے علاقوں سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو، کراچی اور حیدرآباد میں بھی کہیں کہیں بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنائیں۔
