این ڈی ایم اے (ndma)کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 17 سے 25 مارچ تک ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کردیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ 17 مارچ سے ملک کے شمالی اور مغربی علاقوں پر اثر انداز ہو گا۔
پنجاب:
بالائی اور وسطی پنجاب میں اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور اور گردونواح میں بارش اور آندھی کا امکان ہے ،بالائی پنجاب میں بعض مقامات پر گرج چمک کے بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔جنوبی پنجاب میں ملتان، خانیوال، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان اور ڈی جی خان کے مختلف مقامات پر بارش متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا:
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 17 سے 25 مارچ کے دوران وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 17 سے 23 مارچ کے دوران وقفے وقفے سے آندھی، تیز ہوائیں اور بارش متوقع ہے۔
سندھ:
سندھ میں مجموعی طور پر موسم خشک رہے گا تاہم سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو، کراچی اور حیدرآباد میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر:
17 سے 25 مارچ کے دوران گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے الرٹ
این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی،تیزہواؤں اور گرج چمک کے دوران احتیاطی تدابیر اختیارکرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔عوام تازہ ترین موسمی صورتحال کیلئے این ڈی ایم اے کے آفیشل سوشل میڈیا اور پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ سے رجوع کریں۔
