کراچی سے راولپنڈی جانے والی پاکستان ایکسپریس محراب پور کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی اور ٹرین کا انجن پٹڑی سے اتر گیا۔
ریلوے انتظامیہ کے مطابق واقعہ محراب پور کے قریب پیش آیا جہاں ٹرین ڈی ریل ہونے کے باعث ریلوے ٹریفک متاثر ہو گئی۔
اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور ریلوے حکام موقع پر پہنچ گئے جبکہ ریلیف ٹرین روہڑی سے روانہ کر دی گئی ہے۔
ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں کوئی بڑا جانی نقصان نہیں ہوا تاہم صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ٹرین حادثات کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل ضلع نوشہرو فیروز میں لاکھا روڈ ریلوے اسٹیشن کے قریب شالیمار ایکسپریس اور مال بردار ٹرین کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک ریلوے ملازم جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
