اکیڈمی ایوارڈز میں اس سال بہترین فلم کا اعزاز فلم ‘ون بیٹل آفٹر انادر’ نے اپنے نام کر لیا جبکہ اس فلم نے مجموعی طور پر چھ ایوارڈز حاصل کیے۔
پال تھامس اینڈرسن کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کو بہترین فلم کے ساتھ بہترین ہدایتکار اور بہترین موافق اسکرین پلے کے ایوارڈ بھی ملے۔
فلم میں مرکزی کردار لیونارڈو ڈی کیپریو نے ادا کیا ہے جو ایک سابق انقلابی کے کردار میں نظر آئے جو بعد میں ایک نوجوان بچے کا سنگل والد بن جاتا ہے۔
بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ شان پین کو ملا تاہم وہ تقریب میں شریک نہ ہو سکے اور ان کی جگہ ایوارڈ پیش کرنے والے کیئرن کلکن نے یہ اعزاز وصول کیا۔
دوسری جانب فلم ‘سِنرز’ نے چار ایوارڈز حاصل کیے جن میں بہترین اداکار کا اعزاز مائیکل بی جارڈن کو ملا جنہوں نے فلم میں جڑواں بھائیوں کے کردار ادا کیے۔
بہترین اداکارہ کا ایوارڈ فلم ‘ہیمنٹ’ میں کردار ادا کرنے والی جیسی بکلی نے جیتا، جس میں انہوں نے شیکسپیئر کی اہلیہ ایگنس ہیتھوے کا کردار نبھایا۔
اسی طرح فلم ‘ویپنرز’ میں کردار ادا کرنے والی ایمی میڈیگن کو بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔
بہترین اینی میٹڈ فلم کا اعزاز فلم ‘کے پاپ ڈیمن ہنٹرز’ کو ملا جبکہ اس فلم کا گانا گولڈن بہترین اوریجنل سانگ قرار پایا۔
تقریب کے دوران فلمی دنیا کی دو بڑی شخصیات، رابرٹ ریڈفورڈ اور روب رائنر کو خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا۔
تقریب کی میزبانی معروف مزاحیہ اداکار کونن اوبرائن نے کی جبکہ تقریب میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
