صدر مملکت آصف علی زرداری نے اسلاموفوبیا کے تدارک کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف نفرت اور تعصب کے خاتمے کی اشد ضرورت ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ اسلام امن، ہمدردی اور انصاف کا دین ہے جبکہ اسلام کو انتہا پسندی سے جوڑنا لاعلمی کی عکاسی ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ نفرت انگیز جرائم کے خلاف قانونی تحفظ کو مزید مضبوط بنایا جائے۔ صدر مملکت کے مطابق اظہار رائے کی آزادی کو نفرت پھیلانے کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی فورمز پر مسلسل آواز اٹھاتا رہا ہے اور مسلمانوں کے خلاف تعصب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے تحفظ کو بھی متاثر کرتا ہے۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق اور مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
