صدرمملکت آصف زرداری نے نہال ہاشمی کی بطور گورنر سندھ تعیناتی کی منظوری دے دی ہے ۔
صدر مملکت نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر آئین کے آرٹیکل 48 اور 101 کے تحت منظوری دی۔صدر مملکت نے نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات ہونے پر مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
صدرمملکت نے اس تقرری کیلئے کمیشن آف اپائنٹمنٹ پر بھی دستخط کر دیے ہیں،نہال ہاشمی گورنر سندھ کا عہدہ سنبھالنے سے قبل سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے روبرو حلف اٹھائیں گے۔
نہال ہاشمی کی زندگی پر ایک نظر
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما نہال ہاشمی کا تعلق کراچی سے ہے۔ وہ پیشے کے لحاظ سے وکیل اور سیاست دان ہیں اور مارچ 2015 سے فروری 2018 تک سینیٹ آف پاکستان کے رکن رہ چکے ہیں۔
28 جنوری 1960 کو مشرقی پاکستان میں پیدا ہونے والے نہال ہاشمی نے اپنی سیاست کا آغاز 90 کی دہائی میں کیا۔انہوں نے نواز شریف کے نیب کیس اور مرتضیٰ بھٹو ٹربیونل جیسے ہائی پروفائل مقدمات میں اہم قانونی خدمات سرانجام دیں۔
حلف کی ہر صورت پاسداری کروں گا،نامزد گورنرسندھ نہال ہاشمی
سیاسی سفر کا آغاز 1992 میں مسلم لیگ ن میں شمولیت سے ہوا۔ 1997 میں وہ اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے انسانی حقوق اور قانون و انصاف مقرر ہوئے، جہاں انہوں نے 1999 تک فرائض ادا کیے۔
نہال ہاشمی کو 2012 میں مسلم لیگ ن سندھ کی صدارت اور 2014 میں جنرل سیکرٹری کے عہدے پر بھی بٹھایا گیا۔2015 کے سینیٹ انتخابات میں انہوں نے ن لیگ کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی اور ایوانِ بالا کے رکن بنے۔ اس دوران انہیں ایک بار پھر وزیراعظم کا مشیر برائے قانون و انصاف مقرر کیا گیا۔
قوم مطمئن، افواج چوکس، بھارت نے غلطی کی تو منہ توڑ جواب دیں گے، نہال ہاشمی
یکم فروری 2018 کو توہینِ عدالت کے کیس میں انہیں ایک ماہ قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔اس سزا کے نتیجے میں ان کی سینیٹ رکنیت ختم ہوگئی اور وہ 5 سال کے لیے نااہل قرار پائے۔ ایک ماہ کی قید کاٹنے کے بعد وہ رہا ہوئے۔
