ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکلز پر ایم ٹیگ کے حوالے سے ایف ڈبلیو او نئی چپ پر کام کر رہا ہے، نئی چپ تیار ہونے کے بعد شہریوں کو مفت جاری کی جائے گی۔
پارلیمنٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل کا ایم ٹیگ اترنے کے بعد ناکارہ ہو جاتا ہے اس لیے ہمیں اس بات کا ڈر نہیں کہ ایک بائیک کا ایم ٹیگ دوسرے پر استعمال ہو سکتا ہے تاہم ایم ٹیگ چوری ہونے کی صورت میں ہیلپ لائن نمبر پر بتائیں فوری بلاک ہوجائے گا اور نیا بالکل مفت لگایا جائے گا۔
ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن کی پارلیمنٹ میں صحافیوں سے گفتگو
موٹر سائیکلز پر ایم ٹیگ کے حوالے سے ایف ڈبلیو او نئی چپ پر کام کر رہا ہے, نئی چپ تیار ہونے کے بعد شہریوں کو مفت جاری کی جائے گی, ان کے مطابق موٹر سائیکل کا ایم ٹیگ اترنے کے بعد ناکارہ ہو جاتا ہے اس لیے ہمیں اس… pic.twitter.com/PvJzGRKAph
— DC Islamabad (@dcislamabad) March 11, 2026
ایم ٹیگ میں سیکورٹی اور سیفٹی کے حوالے سے مختلف فیچرز رکھے گئے ہیں، شہر کی تمام مساجد اور امام بارگاہوں پر سیکورٹی کو سخت کیا گیا ہے، تمام افسران ہمہ وقت فیلڈ میں موجود ہوتے ہیں۔
آن لائن ٹیکسیوں کی رجسٹریشن کا عمل بھی جاری ہے، اب تک 19 ہزار سے زائد ٹیکسی اور بائیکس کی رجسٹریشن کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ڈرائیورز کو پابند کیا گیا ہے کہ سواری کو کہاں سے اٹھایا کہاں چھوڑا اس حوالے سے تفصیلات اور اس کی شناخت کا ڈیٹا اپلوڈ کریں، بیرون ممالک میں بغیر لائسنس ٹیکسی نہیں چلائی جاتی ، اسلام آباد میں ٹیکسی کی رجسٹریشن بھی سیکورٹی میکانزم کے تحت کی جا رہی ہے۔
